ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے بیدر میں جے شری رام کے نعرے پر کالج میں ہنگامہ ،طلبا کے دو گروپوں میں جھڑپ

کرناٹک کے بیدر میں جے شری رام کے نعرے پر کالج میں ہنگامہ ،طلبا کے دو گروپوں میں جھڑپ

Thu, 30 May 2024 17:27:46    S.O. News Service

بیدر، 30/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)ریاست  کرناٹک کے بیدر میں واقع گرونانک انجینئرنگ کالج میں سالانہ ای بز فیسٹیول  کی پریکٹس کے دوران طلبا کے دو گروپوں کے درمیان اُس وقت ہنگامہ کھڑا ہوگیا جب بعض طلبا نے متنازعہ گیت گاتے ہوئے   جئے شری رام کے  نعرے لگانے شروع کردئے۔ واردات بدھ کی سہ پہر کو ہوا۔ پتہ چلا ہے کہ دو گروپوں میں تصادم کے بعد 17 مسلم طلبا کے خلاف پولس تھانہ میں  معاملہ درج کیا گیا ہے۔

میڈیا  رپورٹوں  کے مطابق یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب مبینہ طور پر تقریب کے ماحول کو خراب کرنے کے لئے ایک اشتعال انگیز گیت ، "بھارت کا بچہ بچہ جے شری رام بولیگا” بجایا گیا، جس کے دوران  کچھ طلبا نے ‘جئے شری رام’ کے نعرے  لگائے۔  صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب کچھ طالب علموں نے گانے پر اعتراض کیا اور پھر دو گروپوں میں چھڑپ ہو گئی ۔ جھڑپ کے بعد ہندو طلبہ نے 17 مسلم طلبہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی  ۔

بیدر کے ڈپٹی کمشنر گووند ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ تصادم 29  مئی کو یوتھ فیسٹیول کیلئے پریکٹس سیشن کے دوران ہوا۔ پریکٹس کے دوران دو (طلبہ) اداکاروں نے اپنے ڈرامے کے ایک حصے کے طور پر ’’جے شری رام‘‘ کا نعرہ لگایا۔ اس پر دوسری کمیونٹی کے کچھ طلبہ نے اعتراض کیا جس کے نتیجے میں نعرہ لگانے والے طلبہ پر حملہ کیا گیا۔ اس جھگڑے میں جلد ہی مزید طلبہ شامل ہو گئے، جس کے نتیجے میں ہاتھا پائی ہونے لگی۔

ڈپٹی کمشنر ریڈی کے مطابق صورتحال اب مکمل طور پر قابو میں ہے اور امتناعی احکامات نافذ کرنے کی ضرورت پیش  نہیں آئی ہے۔ سیکوریٹی کو برقرار رکھنے کیلئے کالج کے اطراف پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔کالج انتظامیہ نے اس واقعے کے ردعمل میں یوتھ فیسٹیول کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 


Share: